شاہد ماکلی

اندھیری رات میں نورِ حرا کے ہوتے ہوئے

غزل — موج (2000)

1

اندھیری رات میں نورِ حرا کے ہوتے ہوئے

بھٹک رہا ہوں ترے نقشِ پا کے ہوتے ہوئے

2

کبھی نہ آپ کی سیرت سے کسبِ فیض کیا

میں راہ بھول گیا رہنما کے ہوتے ہوئے

3

نہ جانے کیسی رکاوٹ کا سامنا ہے مجھے

سفر ادھورے پڑے ہیں دُعا کے ہوتے ہوئے

4

مرے وجود میں خوابوں کی راکھ اُڑتی ہے

گلاب سوکھ گئے ہیں گھٹا کے ہوتے ہوئے

5

ہمارے سینوں میں بیمار دل دھڑکتے ہیں

حضورؐ ! آپ کے دستِ شفا کے ہوتے ہوئے

6

مہیب سائے مسلط ہیں سرحدِ جاں پر

ہم ان سے خوف زدہ ہیں خدا کے ہوتے ہوئے

7

سروں پہ دھوپ ہے‘ قدموں تلے ہے ریگِ رواں

شکستہ حال ہیں ارض و سما کے ہوتے ہوئے

8

زبان اسمِ الٰہی کا ورد کرتی ہے

سلگتی ریت پہ جور و جفا کے ہوتے ہوئے