تری یاد وردِ زباں ہوئی تو عجیب رنگ دکھا گئی
غزل — موج (2000)
1
تری یاد وردِ زباں ہوئی تو عجیب رنگ دکھا گئی
کبھی اشک آنکھ میں آ گئے ، کبھی لہر دل میں سما گئی
2
یہ جو ایک شب کا حجاب ہے ، کبھی درمیاں سے ہٹا اِسے
کہ طلوعِ صبح کی آرزو مری کتنی نیندیں اڑا گئی
3
مرے ذوقِ سجدہ کے سامنے مرا کوئی غم نہ ٹھہر سکا
وہی ایک لمحے کی حاضری مری ہر خلش کو مٹا گئی
4
مرے گھر سے تیرے مکان تک یہ وہی سنہرے گلاب ہیں
جنھیں آنسوئوں کی بہارِ نو مرے راستے میں بچھا گئی
5
ترے جاں گداز فشار سے مرے بام و در بھی لرز گئے
تری ایک جنبشِ بے صدا مرے جسم و جاں کو ہلا گئی