امامِ دوراں !
آزاد نظم — موج (2000)
وہ خوفِ دارو رسن ہے اب کے
کہ جور و جبر و جفا کے آگے
تمام مخلوق جھک گئی ہے
حیات اپنی ہلاکتوں سے فرار ہو کر
تمھارے در پر پناہ لینے کو رُک گئی ہے
مسافرِ حق شکستہ دل ہیں، شکستہ پا ہیں
وہ سوچتے ہیں
کہ دشتِ جاں کا جو نقشہ
صدیوں سے اُن کے خوابوں میں بس رہا تھا
وہ یوں نہیں تھا
کہ اس سے پہلے
یہاں سے جتنے سفیرِ صدق و خلوص گزرے
کسی کا سر بھی نگوں نہیں تھا
یہ کون ہیں پھر۔۔۔۔؟ جو سر جھکائے
قطار اندر قطار دستِ ستم عقیدت سے چومنے کو کھڑے ہوئے ہیں
نیام خالی کیے ہوئے ہیں!