اور اب نگاہ اُسی آخری نشان پہ ہے
غزل — تناظر (2014)
اور اب نگاہ اُسی آخری نشان پہ ہے
وہ جس کے ہونے کا دار و مدار دھیان پہ ہے
یہ کیسی سرحدِ ایام پر مقیم ہوں میں
کہ لازماں کا بھی سایہ مرے مکان پہ ہے
میں چاہے عرش کو جالوں، رہوں گا وہم کا وہم
مرے وجود کی بنیاد ہی گمان پہ ہے
بنے گا کیا ، جو توازن بگڑ گیا اس کا
کہ سارا بارِ امانت ہی خاکدان پہ ہے
اب اور ہی کوئی دیکھے گا جاودانی تری
مری تو عمر کا پھیلائو ایک آن پہ ہے
میں اپنے ابر کو پہچانتا ہوں اچھی طرح
یہ رم جھم اور جہاں کی مرے جہان پہ ہے
مجھے تو لگتا ہے ، چکھ لی ہے روشنی میں نے
کوئی چمکتا ہُوا ذائقہ زبان پہ ہے
نہ جانے آپ کہاں ہوں مَیں اِس گھڑی شاہدؔ
بدن زمین پہ ہے ، روح آسمان پہ ہے