بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
غزل — تناظر (2014)
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
پڑھتے ہی کھُلتا گیا بابِ نعیم
تازہ مُسافت پہ نکلتے ہوئے
وردِ زباں تھی کوئی حمدِ قدیم
دل کبھی ناشاد ، کبھی شاد تھا
زادِ سفر تھا مرا اُمید و بیم
ایک مُسافر تھا مَیں اُس شہر میں
اور سمجھتا رہا خود کو مقیم
ایک ترا خواب ہو محرم مرا
ایک تری یاد ہو میری ندیم
چاہے سبھی حرف مجھے بھول جائیں
یاد رہے ایک الف ، ایک میم
میری مناجات مکمل ہوئی
نظریں ہیں اب تیری طرف اے کریم