شاہد ماکلی

وقوعِ حرفِ عدم کو ذرا سمجھ لیجے

غزل — تجاذب (2025)

1

وقوعِ حرفِ عدم کو ذرا سمجھ لیجے

سمجھ سکیں تو مرا اِلتوا سمجھ لیجے

2

اُگا نہیں ہے مگر کھِل رہا ہے فردا میں

جو ہے نہیں، اسے ہوتا ہوا سمجھ لیجے

3

مری ہنسی کو سمجھ لیجیے ہنسی اپنی

اور اپنے رونے کو رونا مرا سمجھ لیجے

4

جو بیکرانی سی پھیلی ہوئی ہے عالم میں

اسے ہمارے ہی دل کا خلا سمجھ لیجے

5

سمجھ لیا ہے اگر معنی لامکانی کا

تو بے گھری کا بھی مطلب ذرا سمجھ لیجے

6

سخن رقم نہیں ہوتا، روانہ ہوتا ہے

صریرِ خامہ کو بانگِ درا سمجھ لیجے