تری تلاش میں ایسا بھی ایک پل آیا
غزل — تجاذب (2025)
1
تری تلاش میں ایسا بھی ایک پل آیا
میں کائنات سے باہر کہیں نکل آیا
2
جو میرا حال نہ بدلا تو جا کے ماضی میں
میں واقعات کی ترتیب ہی بدل آیا
3
مری کرن کا جھکاؤ رہا تری جانب
تری کشش سے مری روشنی میں بل آیا
4
بگولوں سے بھی نہ آیا ہوا کی لہروں میں
جو ایک تتلی کی پرواز سے خلل آیا
5
میسّر آئی تھی قوّت فرار کی شاہدؔ
مکاں زماں کے کناروں سے مَیں نکل آیا