شاہد ماکلی

ماکلی کی قوتِ تجاذُب

— ڈاکٹر اشفاق ناصر

وقت کا گزراؤ انسانوں اور جہانوں پر ہی نہیں ہوتا، بل کہ لفظوں پر بھی ہوتا ہے ۔ وقت جو کیفیات پیدا کرتا ہے، وہ وقت کے مختصر یا طویل ہونے پر منحصر ہوتی ہیں۔ مثال کے طور پر دو لفظ ہیں چونکنا اور حیران ہونا۔ میرے خیال میں ان دونوں لفظوں کا مطلب وقت کے گزراؤ پر منحصر ہے۔ چونکنے کا وقفہ اگر طویل ہو جائے تو وہ حیرانی بن جاتا ہے اور حیرانی کا دورانیہ کم ہو جائے تو وہ چونکنا بن جاتا ہے۔کسی بھی تخلیق کے بڑا ہونے میں ان دو لفظوں کی بہت اہمیت ہے۔ لیکن سارا ذمہ تخلیق کا نہیں ہے قاری کا بھی ہے۔ ممکن ہے قاری تخلیق کے ساتھ بہت کم وقت گزارے، چونکے اور اپنے کام میں مصروف ہو جائے یا دوسری صورت میں قاری اس تخلیق کے ساتھ زیادہ وقت گزارے اور حیران ہوتا چلا جائے۔ وقت کی جہتوں اور منطقوں کا احاطہ تو نہیں کیا جا سکتا لیکن یہ بات مسلمہ ہے کہ ہر بڑی تخلیق کے تخلیق کار نے وقت کی جہتوں اور منطقوں کا احاطہ کرنے کی کوشش ضرور کی ہے اور یہ کوشش کس قدر کامیاب ہوئی ہے، اس کا فیصلہ بھی وقت کے اس گزراؤ پر منحصر ہے جو اس کوشش میں صرف ہوا۔شاہد ماکلی ہمارا دوست ہے۔ اس نے ہمارے ساتھ بہت وقت گزارا لیکن اس وقت بات شاہد ماکلی کی نہیں ہو رہی؛ بات اس تخلیق کی ہو رہی ہے جو تجاذب کی شکل میں میرے سامنے موجود ہے۔ تجاذب کا فیصلہ اس بات پر نہیں ہو سکتا کہ شاہد ماکلی نے میرے ساتھ کتنا وقت گزارا ہے بل کہ اس بات پر ہوگا کہ شاہد ماکلی نے اس تخلیق کے ساتھ کتنا وقت گزارا، اور یہ بات مجھے اور آپ کو اس تخلیق کے ساتھ وقت گزارنے پر کھل جائے گی۔ اس کتاب کو پڑھنے ہوئے یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے میں کسی باغ میں ہوں، جہاں رنگا رنگ پھول کھلے ہوئے ہیں۔مجھے کچھ پھولوں پر شاید اعتراض ہو کہ ان میں خوشبو نہیں ہے تو کیا ان کو توڑ دیا جائے؟ مزید یہ کہ کیا میری قوتِ شامہ حرفِ آخر ہے تو جواب ہے کہ نہیں ۔لفظ زندہ رہتے ہیں۔ ان کا جیسا اثر انسانوں پر ہوتا ہے، ویسا ہی نباتات پر ہوتا ہے۔ ایک گاؤں میں دیکھا گیا کہ وہاں کے لوگ، جس درخت کو کاٹنا ہوتا، اس کو کاٹتے نہیں تھے بل کہ اکٹھے ہو کر اس درخت کو برا بھلا کہنے لگتے۔ چند دن میں وہ درخت سوکھ کر گر جاتا تھا۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ ساری حیات، حواس سے مزین اور مشروط ہے؛ تو میں صرف اپنی حس پر بھروسہ کرتے ہوئے جو کہ ہر صورت میں ناقص ہے، کیسے کسی تخلیق کو کامل یا ناقص قرار دے سکتا ہوں۔ مجھے تو باغ میں پھرنا ہے؛ رنگوں کی دلکشی دیکھنی ہے؛ خوشبو کا حظ اٹھانا ہے،اور خود کو تروتازہ رکھنا ہے۔میری رائے میں تجاذب ایک ایسا شعری مجموعہ ہے جس میں مجھ جیسے سخن کے طالب علم کے سیکھنے کے لیے بہت کچھ موجود ہے اور اگر کوئی استاد بھی اس شعری مجموعے کو پڑھے گا تو شاہدماکلی کے فن کی داد دیے بغیر نہ رہ سکے گا۔ مصرعے کی بُنت، تلازمہ کاری، خیال کی پرواز، زبان و بیان کی ہم آہنگی، کائناتوں کا تصور اور ان میں بسر ہونے کی کوشش، نیز جدت اور روایت کا ایسا پڑاؤ جہاں قاری چاہتے یا نہ چاہتے ہوئے رُکے بغیر نہیں رہ سکتا۔ شاہد ماکلی جب کائناتوں کے سفر پر نکلتا ہے تو قاری کو شعر میں اجنبیت اور نامانوسیت سے واسطہ پڑتا ہے جو پہلی نظر میں قاری کو شعر سے علیحدہ کرتا ہوا نظر آتا ہے۔ پھر میں نے اس بات پر غور کیا کہ آخر اس کی کیا وجہ ہے؟ تو مجھے اپنی جوانی کے دن یاد آئے جب میں سی ایس ایس کا امتحان دے رہا تھا اور جرنلزم میرا اختیاری مضمون تھا۔ اس میں خبر کے بڑا یا چھوٹا ہونے کی کچھ خصوصیات میرے ذہن میں آ گئیں ۔ لاہور میں رہنے والے ایک شخص کے لیے ایریٹیریا میں زلزلے کا آنا اتنا معنی خیز نہیں ، جتنا اسلام آباد میں زلزلے کا آنا ہے۔ وہ خبر لاہور کے اُسی شخص کے لیے اور بڑی نیوز بن جاتی ہے جب زلزلہ لاہور میں آتا ہے۔ اس سے یہ بات ہرگز طے نہیں ہوتی کہ ایریٹیریا میں آنے والازلزلہ چھوٹی خبر ہے اور لاہور میں آنے والازلزلہ بڑی خبر۔ درحقیقت قاری کا تجربہ اسے چھوٹا یا بڑا بنا رہا ہوتا ہے ورنہ خبر بذاتِ خود چھوٹی یا بڑی نہیں ہوتی۔ بالکل اسی طرح جب شاہد ماکلی کائنات کی چھت سے زمان و مکان کے تناظرات پر نظر ڈالتا ہے یا روشنی کے فشار کو طوفان کہتا ہوا ملاحوں کو بلاتا ہے تو اکثر قارئین کو،بشمول میرے، اس کے ساتھ سفر کرنے میں مشکل پیش آتی ہے مگر ہماری اس مشکل میں ہمارے تجربے کی معذوری ہے، ماکلی کی شاعری کی نہیں ۔ کبھی عکس چومتا چاند کا، کہیں جھومتا کسی لہر پر میں ابھرتے ڈوبتے کائناتی تناظرات میں گھومتا ماکلی اپنی شاعری میں میٹا فزیکل استعارات کو استعمال کرتا نظر آتا ہے جن سے اوسط استعداد کا قاری جیسے ہی اجنبیت کا شکار ہونے لگتا ہے تو اگلے ہی لمحے مصرعے کی چابک دستی اور خیال کی توانائی اسے پھر سے اپنے اندر جکڑ لیتی ہے۔ مصرعہ بھی ایسا کہ پانی کی لہر کی طرح بہتا ہی چلا جائے اور آپ مصرعے کے ساتھ۔ شاعری دو چیزوں پر مبنی ہوتی ہے، شعر اور شعریت پر۔ شعر تدبیر ہوتا ہے جو آپ کر سکتے ہیں لیکن شعریت تقدیر کی طرح ہوتی ہے۔ جیسے دعا تقدیر کو بدل دیتی ہے، شعر کے ساتھ جڑت دعا کی ہی ایک صورت ہوتی ہے جو آپ کو شعریت عطا کرتی ہے۔اللہ نے شاہد ماکلی کو دونوں سے نوازا ہے۔ ماکلی عمر میں ہم سے چھوٹا ہے لیکن کلاسیکی اور جدید شاعری پر اس کی نظر اور تحقیق میرے لیے قابلِ رشک ہے۔ یہی وہ میلانِ طبیعت ہے جو شاعر کو اپنے ہم عصر شعرا سے ممتاز کرتا ہے۔میرے لیے شاعری کلی طور پر خدا کی دین ہے اور اس کے ارفع ہونے میں کوئی دوسری رائے نہیں، قاری کا تجربہ اپنی جگہ۔ ماکلی کی شاعری پڑھتے ہوئے مجھے کچھ خوشگوار حیرتوں سے دوچار ہونا پڑا۔ ایک یہ تھی کہ اس کی غزل میں، یا کیفیت ہوتی ہے جو شعریت کی مرہونِ منت ہوتی ہے؛ یا بڑے مضمون ہوتے ہیں لیکن اس کی غزلوں میں ہر شعر جہانِ دیگر ہے اور ان شعروں میں شعریت، تلازماتی نظام اور صوتی آہنگ بھی اسی جہان سے مستعار لیا ہوا لگتا ہے بل کہ الفاظ کو پڑھتے ہوئے یہ احساس ہوتا ہے کہ اس جہان میں جذبوں کی وضاحت کرنے کے لیے شاید یہی الفاظ رائج ہوں گے۔ جنھیں در کی طرح تھی چار دیواری عناصر کی وہ بندے بھی اِسی دنیائے آب و گل میں رہتے تھے

ہرے درخت کے اندر کہیں وہ آگ بھی تھی کہ جس سے شام کا چولھا مجھے جلانا تھا دوسری حیرت اس سے بھی بڑھ کر تھی۔سائنس آپ کے محسوسات و کیفیات کے بارے میں کوئی نہ کوئی توجیح پیش کرتی رہتی ہے کہ آپ خوش ہوئے تو اس کا مطلب ہے آپ میں ڈوپا مائن، یا آکسی ٹوسن ہارمون ریلیز ہوا لیکن ان محسوسات و کیفیات کی فزیکل شکل بیان کرنے میں سائنس بالکل نابلد ہے۔ لیکن ماکلی نے کیا کیا، اس نے احساسات کو فزیکل شکل دے کر سائنس کو ادب بنا دیا۔ آپ اس کے اشعار پڑھیں گے تو مجھ سے اتفاق کریں گے۔ مثال کے طور پر یہ شعر دیکھیے: اک حیرتِ گریز ہے، اک حیرتِ کشش دو حیرتوں کے ملنے سے سکتہ بنا مرا سکتہ ایک ہی جگہ تھم جانے کے احساس کی ایک فزیکل شکل ہے جس کے متشکل ہو جانے کی توجیح ادبی سائنس میں تو مل سکتی ہے، سائنس میں نہیں۔تیسری حیرت بالکل میری ذاتی ہے جس نے اب حسد کی شکل اختیار کر لی ہے۔ حسد اس بات کا بالکل نہیں کہ ماکلی کو کمال مصرعہ کہنا آتا ہے۔ حسد اس بات کا بھی نہیں کہ اس کے ہم عصر اور کئی سینئر، بشمول میرے، اس کی مصرع سازی سے کچھ نہ کچھ سیکھتے ہیں۔ حسد کی وجہ وہ اڑن طشتری ہے جو اسے نصیب ہے اور مجھے نہیں؛ جس میں یہ بیٹھ کے آسمانوں کی، سیاروں کی، مختلف دنیاؤں کی سیریں کرتا رہتا ہے۔ ان دنیاؤں کی وسعتوں کو ادب میں سمو دیتا ہے اور ادب کو ان دنیاؤں میں بکھیرتا چلا جاتا ہے۔ یہ اڑن طشتری اس کا نصیب ہے اور اس اڑن طشتری سے اس نے جو کام لیا ہے، وہ نہایت عمدہ ہے۔ میں نے اپنے آپ کو یہ کہہ کے تسلی دی ہے کہ چلو ماکلی کی اڑن طشتری میں ہی سفر کر لیتے ہیں۔ جن کو بلندیوں سے ڈر لگے، وہ ماکلی کے ساتھ عازمِ سفر نہیں ہو سکتے۔ابھی نہ جانے کتنی دنیاؤں کا سفر اس نے کرنا ہے؛ کیا کچھ دیکھنا ہے اور دیکھ کے ہمیں دِکھانا ہے، یہ میں نہیں جانتا، لیکن جو کچھ اس نے تجاذب میں بتایا دکھایا ہے وہ بند ذہنوں کی کھڑکیاں کھولنے کے لیے کافی ہے۔دعا گو ہوں کہ ماکلی وقت کے مختلف منطقوں میں گھومتا رہے اور ہمیں وہاں کے تناظرات کی سیر میں شریک رکھے جو شاید عام قاری کے لیے خاص کشش نہ رکھتے ہوں مگر ان میں وہ قوتِ تجاذُب موجود ہے جو جلد ہی خاص اذہان کو اپنی طرف راغب کرنے میں کامیاب ہو گی اور داد لیے بغیر نہ رہ سکے گی ۔ ہماری کہکشاں کے وسط میں تاریک روزن ہے اسی میں محو ہوتی جا رہی ہے روشنی سب کی